جمعرات، 16-اپریل،2026
جمعرات 1447/10/28هـ (16-04-2026م)

سندھ میں 31 ارب روپے سے زائد کا گندم اسکینڈل، کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ

16 اپریل, 2026 14:18

محکمہ خوراک سندھ کے گوداموں میں 31 ارب روپے سے زائد مالیت کی گندم کے ضیاع اور خوردبرد کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔ بھاری مقدار میں گندم یا چوری کر لی گئی ہے یا اس میں مٹی کی ملاوٹ کر کے اسے ناقابل استعمال بنا دیا گیا ہے۔

کراچی میں محکمہ خوراک کے گوداموں کے حوالے سے سندھ حکومت کو ایک بریفنگ دی گئی، جس میں انتہائی ہوشربا تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ خوراک کے گوداموں میں مجموعی طور پر 31 ارب 63 کروڑ روپے کی گندم کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق یکم اکتوبر 2025 کو سرکاری گوداموں میں 13 لاکھ 84 ہزار ٹن گندم موجود تھی، جس کی مجموعی مالیت دو کھرب 3 ارب 63 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔

اس ذخیرے میں سے ایک لاکھ آٹھ ہزار ٹن گندم پراسرار طور پر غائب پائی گئی ہے، جس کی مالیت 15 ارب 83 کروڑ روپے بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ کی عوام سے سادگی اپنانے اور توانائی بچانے کی اپیل

مزید برآں 39 ہزار ٹن گندم گوداموں میں پڑے پڑے خراب ہو گئی، جس سے 5 ارب 81 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ سب سے زیادہ سنگین انکشاف یہ کیا گیا ہے کہ 68 ہزار ٹن گندم میں مٹی اور ریت کی ملاوٹ پائی گئی ہے، جس کی وجہ سے یہ گندم انسانی استعمال کے لیے ناقابل قرار دے دی گئی ہے اور اس مد میں 9 ارب 98 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

اب تک 7 لاکھ 98 ہزار ٹن گندم فلور ملز کو جاری کی جا چکی ہے، جبکہ 3 لاکھ 89 ہزار ٹن معیاری گندم اب بھی موجود ہے۔

اس میگا کرپشن اسکینڈل پر حکومت نے سخت ایکشن لیتے ہوئے 20 سے زائد فوڈ افسران سے تحریری جواب طلب کر لیا ہے اور یہ واضح کیا گیا ہے کہ الزام ثابت ہونے کی صورت میں ملوث اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا جائے گا۔

حکومت نے اینٹی کرپشن میں مقدمات درج کرنے اور لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت رقم کی ریکوری کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ 50 کروڑ روپے سے زائد کی بدعنوانی کے کیسز قومی احتساب بیورو کو بھیجنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔