جمعہ، 17-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

بلوچستان حکومت کا سرکاری گاڑیوں کا جامع آڈٹ کروانے کا فیصلہ

17 اپریل, 2026 08:52

بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں سرکاری گاڑیوں کا مکمل آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک بااختیار کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو مختلف محکموں کی گاڑیوں کا ریکارڈ چیک کرے گی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ کمیٹی تمام سرکاری دفاتر، خود مختار اداروں اور ذیلی محکموں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ کمیٹی کی سربراہی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کریں گے جبکہ سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ بھی اس میں شامل ہوں گے۔ یہ ٹیم اس بات کی نشاندہی کرے گی کہ کون سی گاڑیاں قواعد کے مطابق استعمال ہو رہی ہیں اور کہاں بے ضابطگیاں موجود ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر سرکاری گاڑیاں غیر مجاز افراد کے زیر استعمال ہیں یا مقررہ حد سے زیادہ استعمال کی جا رہی ہیں۔ ایسے معاملات کی نشاندہی کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔ بغیر اجازت گاڑی استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس عمل کو تیز بنانے کے لیے تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندر گریڈ 19 کا ایک فوکل پرسن مقرر کریں۔ یہ افسر کمیٹی کو مکمل ڈیٹا اور ریکارڈ فراہم کرے گا تاکہ آڈٹ کا عمل شفاف اور بروقت مکمل ہو سکے۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ تیار کر کے حکومت کو پیش کرے۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ رپورٹ کی بنیاد پر فوری فیصلے کیے جائیں گے۔ سرکاری وسائل کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔