بھارتی سرپرستی میں افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کا گٹھ جوڑ پر گرفتار دہشت گرد کے انکشافات

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار دہشت گرد نے اپنے اعترافی بیان میں افغان طالبان، بھارتی ایجنسی را اور فتنہ الخوارج کے درمیان گٹھ جوڑ کے حوالے سے اہم انکشافات کیئے ہیں۔
پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر عامر سہیل عرف مولوی حیدر کو اس وقت گرفتار کر لیا، جب وہ علاج کی غرض سے پشاور داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
گرفتاری کے بعد خارجی دہشت گرد نے اپنے ویڈیو بیان میں انکشاف کیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے سے متاثر ہو کر اس فتنے میں شامل ہوا تھا۔
عامر سہیل کے مطابق اس نے افغانستان کے صوبے پکتیکا میں قائم فتنہ الخوارج کے مراکز میں دہشت گردی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی، جہاں ان مراکز کو افغان طالبان کی مکمل پشت پناہی اور سرپرستی حاصل تھی۔
گرفتار دہشت گرد نے انکشاف کیا کہ افغانستان میں موجود ان کے ٹھکانوں کے نہ صرف افغان طالبان بلکہ داعش اور القاعدہ جیسی عالمی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ بھی انتہائی قریبی روابط استوار تھے۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف عوامی تحریکیں منظم ہونے لگیں
سب سے اہم انکشاف بھارتی مداخلت کے حوالے سے سامنے آیا ہے، جس میں عامر سہیل نے اعتراف کیا کہ فتنہ الخوارج کو افغانستان اور دیگر غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں بشمول بھارتی ایجنسی را کی جانب سے بھرپور مالی معاونت فراہم کی جاتی تھی۔
اس نے بتایا کہ اس کی تشکیل میں بیس سے زائد خارجی دہشت گرد شامل تھے، جن میں افغان شہری بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
عامر سہیل نے اعتراف کیا کہ وہ بنوں، لکی مروت اور میانوالی میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے متعدد حملوں میں براہ راست ملوث رہا ہے۔
عامر سہیل نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ فتنہ الخوارج کا اسلام یا جہاد سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے، بلکہ یہ گروہ صرف پیسے کی خاطر پاکستان میں معصوم لوگوں کا خون بہاتا ہے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرتا ہے۔
عالمی ماہرین اور دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اہم سرغنہ کے اعترافات سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں افغانستان اس وقت دہشت گردوں کی محفوظ آماجگاہ بن چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے افغان شہریوں اور فتنہ الخوارج کے گٹھ جوڑ کے ناقابل تردید شواہد اب دنیا کے سامنے ہیں۔
یہ اعتراف اس دیرینہ پاکستانی مؤقف کی بھی توثیق ہے کہ پڑوسی ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور اسے بھارت جیسی دشمن طاقتوں کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









