ہفتہ، 18-اپریل،2026
ہفتہ 1447/11/01هـ (18-04-2026م)

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا 3روزہ دورہ ایران مکمل، آئی ایس پی آر

18 اپریل, 2026 10:57

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں خطے میں پائیدار امن کے قیام، بدلتی ہوئی علاقائی سیکیورٹی صورتحال، جاری سفارتی کوششوں اور مشترکہ استحکام کے لیے عملی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ خطے کے مسائل کا حل صرف مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امن اور استحکام کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے دی گئی گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمنائیں ایرانی قیادت تک پہنچائیں۔

فیلڈ مارشل نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کے پرامن اور مذاکراتی حل کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔