بدھ، 22-اپریل،2026
بدھ 1447/11/05هـ (22-04-2026م)

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسٹیڈیم میں اجلاس کے انتظامات مکمل، لاکھوں کے اخراجات

22 اپریل, 2026 11:42

خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کا اجلاس کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس پر قومی خزانے سے لاکھوں روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

پشاور کے کرکٹ اسٹیڈیم میں خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس غیر روایتی اجلاس کے انعقاد سے قومی خزانے پر کم و بیش بیس لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔

ٹھیکے دار کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق صرف انتظامات اور بنیادی ڈھانچے پر پندرہ سے بیس لاکھ روپے تک کا خرچہ آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس شہداء کے جنازوں میں شرکت کیلئے وقت نہیں، اختیار ولی

اس اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے اسٹیڈیم میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جس میں اراکین اسمبلی کے لیے چائے اور کھانے پینے کا خاص انتظام بھی شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں اجلاس کی کارروائی کو لائیو دکھانے کے لیے پانچ بڑی اسکرینیں نصب کی جا رہی ہیں جبکہ ساؤنڈ سسٹم اور اراکین کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں الگ سے منگوائی گئی ہیں۔

اسمبلی کے اسپیکر کے لیے ایک خصوصی اور الگ اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے تاکہ اجلاس کی صدارت باوقار طریقے سے کی جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق اسٹیڈیم میں پہلے سے موجود سہولیات عوام کے لیے استعمال ہوں گی تاہم اراکین اسمبلی کے لیے فراہم کی جانے والی اضافی اشیاء اور خصوصی انتظامات کا بل الگ سے بنایا جائے گا، جو کہ لاکھوں روپے تک جا سکتا ہے۔

گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے پنکھوں کا بھی وافر انتظام کیا گیا ہے تاکہ اراکین کو کارروائی کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔