بدھ، 22-اپریل،2026
بدھ 1447/11/05هـ (22-04-2026م)

اے این پی کا خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

22 اپریل, 2026 12:30

میاں افتخار حسین نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس کرکٹ اسٹیڈیم میں بلانے کے فیصلے کو تماشہ قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے صوبائی حکومت کی جانب سے اسمبلی اجلاس کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

میاں افتخار حسین نے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ اے این پی کے اراکین اسمبلی اس اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے اور اس تماشہ بازی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پختونخوا حکومت آئے روز کوئی نہ کوئی نیا ڈرامہ رچا رہی ہے جبکہ عوام کے بنیادی مسائل جوں کے توں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسٹیڈیم میں اجلاس کے انتظامات مکمل، لاکھوں کے اخراجات

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، آئے روز پولیس لائنز اور ایف سی کے دفاتر سے سیکیورٹی اہلکاروں کے جنازے اٹھائے جا رہے ہیں، لیکن حکومت سنجیدہ اقدامات کے بجائے نمائشی سرگرمیوں میں مگن ہے۔

میاں افتخار حسین نے سوال اٹھایا کہ اسٹیڈیم میں اجلاس بلانے کا آخر مقصد کیا ہے؟ اگر حکومت کا مقصد عوام کو براہ راست کارروائی دکھانا ہے تو اسمبلی اجلاس تو پہلے ہی لائیو نشر کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے اس اقدام کو محض عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس غیر ضروری اقدام پر آنے والے بھاری اخراجات کو عوامی فلاح و بہبود اور امن کی بحالی پر خرچ کیا جانا چاہیے تھا۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے مزید کہا کہ صوبہ اس وقت سنگین مالی اور سیکیورٹی مسائل سے دوچار ہے، اسٹیڈیم کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کے فروغ کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی کسی بھی ایسے غیر سنجیدہ عمل کا حصہ نہیں بنے گی جو عوامی پیسے کا زیاں ہو۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔