کیر تھر نیشنل پارک میں نایاب درختوں کی غیر قانونی کٹائی، پولیس نے لکڑی سے بھرا ٹرک پکڑ لیا

جامشورو میں واقع پاکستان کے تیسرے بڑے نیشنل پارک ‘کیر تھر’ میں نایاب درختوں کی غیر قانونی کٹائی کا انکشاف ہوا ہے۔
جامشورو کے تاریخی اور جغرافیائی اہمیت کے حامل کیر تھر نیشنل پارک میں نایاب اور قیمتی درختوں کی کٹائی کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث پارک کی قدرتی خوبصورتی اور حیاتیاتی تنوع کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد روزانہ کی بنیاد پر پارک کے اندر داخل ہو کر ہزاروں سال پرانی اقسام کے درختوں کو کاٹ کر مختلف شہروں میں فروخت کر رہے ہیں۔
اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے سندھ پولیس کی پوسٹ سری کے انچارج شاہ نواز راھوجو نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نایاب اور قیمتی لکڑی سے بھرا ہوا ایک ٹرک قبضے میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس ٹرک میں ڈھائی سو من وزنی نایاب ‘کندی’ اور ‘ببر’ کے درختوں کی لکڑی لدی ہوئی تھی، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں ایم پاکس کا ایک اور کیس رپورٹ، سندھ میں کیسز کی تعداد 27 تک پہنچ گئی
پولیس نے یہ ٹرک اور اس میں موجود لکڑی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے حوالے کر دیا ہے۔ محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے کیر تھر نیشنل پارک سے قیمتی لکڑیوں کی چوری کا سال کا پہلا باضابطہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔
یہ مقدمہ عیسر چیک پوسٹ کے گیم واچر کرم دین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں ٹرک ڈرائیور محمد جمن سمیت دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے موقع پر ہی ڈرائیور محمد جمن کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ کیر تھر نیشنل پارک پاکستان کا تیسرا بڑا نیشنل پارک ہے، جسے 1974 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ پارک تین ہزار ستاسی مربع کلومیٹر کے وسیع رقبے پر محیط ہے اور یہاں اڑتیس اقسام کے جانوروں سمیت ایک سو پینسٹھ اقسام کے پرندوں کی آماجگاہ موجود ہے۔
اس پارک میں ہزاروں اقسام کے درخت پائے جاتے ہیں، جو نہ صرف ماحولیاتی توازن برقرار رکھتے ہیں بلکہ نایاب پرندوں کا مسکن بھی ہیں۔
مقامی سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل پارک کی حدود میں پیٹرولنگ سخت کی جائے تاکہ اس قیمتی اثاثے کو لکڑی چوروں سے بچایا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









