اچھرہ میں 3 معصوم بچوں کا بے دردی سے قتل، وزیراعلیٰ مریم نواز کا فوری نوٹس

لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین معصوم بہن بھائیوں کے سفاکانہ قتل کے واقعے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت 5 سالہ مومنہ بتول، 4 سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ امہ حبیبہ کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں بہن بھائیوں کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچوں کے والدین گھر کو تالہ لگا کر دوائی لینے کے لیے باہر گئے تھے جبکہ بچے گھر میں اکیلے موجود تھے۔ اسی دوران نامعلوم ملزم یا ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے عمل کی نگرانی کی۔
انہوں نے بتایا کہ فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد حاصل کر لیے ہیں جبکہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے سفاکانہ قتل کا واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار عناصر قانونی کارروائی اور سخت سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








