کراچی یونیورسٹی روڈ؛ ایک ایسی کہانی جو کبھی ختم نہیں ہوتی

کراچی کی مشہور یونیورسٹی روڈ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مذاق اور تنقید کا مرکز بن گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک شاید کبھی مکمل ہی نہیں ہوگی۔
ایک مشہور میم میں کہا گیا کہ "بیس سال بعد کومے سے جاگنے والے شخص نے پوچھا، کیا یونیورسٹی روڈ بن گئی؟ نرس نے جواب دیا، نہیں پگلے، اب بھی تعمیراتی کام جاری ہے۔”
یہ صرف مذاق نہیں بلکہ کراچی کے لاکھوں شہریوں کی روزانہ کی حقیقت بن چکی ہے۔ جیل چورنگی سے صفورا تک سفر کرنے والے افراد کے لیے یونیورسٹی روڈ اب سہولت نہیں بلکہ ایک مستقل آزمائش بن چکی ہے۔
کراچی کی مصروف ترین شاہراہوں میں شامل یہ سڑک خوبصورت اور کشادہ راستہ ہونے کے بجائے ٹوٹ پھوٹ، کھدائی اور دھول مٹی کا منظر پیش کر رہی ہے۔
کبھی ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ، کبھی برساتی نالوں کی تعمیر، کبھی کے فور منصوبہ، ہر نیا منصوبہ اسی سڑک پر شروع ہو جاتا ہے، مگر مکمل ہونے کا نام نہیں لیتا۔
یونیورسٹی روڈ کی اصل اہمیت 1960 میں بڑھی جب کراچی یونیورسٹی کے قیام کے بعد اس کا نام یونیورسٹی روڈ رکھا گیا۔ وقت کے ساتھ گلشن اقبال، گلستان جوہر اور دیگر بڑے رہائشی علاقے اسی شاہراہ کے اطراف آباد ہوتے گئے، اور یہ شہر کی اہم ترین سڑکوں میں شامل ہو گئی۔
لیکن شہریوں کا شکوہ ہے کہ ایک منصوبہ ختم ہونے سے پہلے دوسرا شروع کر دیا جاتا ہے، جس سے مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھ جاتی ہیں۔
سال 2016 میں صرف 3.2 کلومیٹر حصے پر برساتی نالوں کی تعمیر کے لیے 884 ملین روپے خرچ کیے گئے، مگر شہریوں کو طویل عرصے تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے بعد ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ شروع کیا گیا۔ 2022 میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور وعدہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ 2025 تک مکمل ہو جائے گا، مگر 2026 آ چکا ہے اور سڑک اب بھی کھدی ہوئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ابھی بی آر ٹی منصوبہ مکمل بھی نہیں ہوا تھا کہ اسی سڑک پر کے فور آگمینٹیشن منصوبہ بھی شروع کر دیا گیا، جس کا مطلب مزید کھدائی، مزید ٹریفک اور مزید پریشانی ہے۔
سوشل میڈیا پر لوگ طنز کر رہے ہیں کہ یونیورسٹی روڈ پر تعمیراتی کام نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے۔ دادا نے بھی یہی سڑک زیر تعمیر دیکھی، باپ نے بھی، اور اب بیٹے بھی یہی منظر دیکھ رہے ہیں۔
شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت صرف نئے منصوبوں کا اعلان نہ کرے بلکہ پہلے سے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








