اسرائیلی فضائیہ کے دو اہلکار ایران کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار

اسرائیلی انٹیلی جنس نے فضائیہ کے دو ٹیکنیشنز کو گرفتار کیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے حساس فوجی معلومات اور اہم شخصیات کا ڈیٹا ایران کو فراہم کیا ہے۔
اسرائیل کی سکیورٹی ایجنسی شن بیت اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران اسرائیلی فضائیہ کے دو اہلکاروں کو ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
ان دونوں اہلکاروں پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے، جن میں حساس فوجی معلومات دشمن کو فراہم کرنے کا الزام شامل ہے۔
یہ دونوں ملزمان تل نوف ایئربیس پر میکینک کے طور پر کام کر رہے تھے اور گزشتہ ایک سال سے ایرانی انٹیلی جنس کے ساتھ رابطے میں تھے۔
یہ بھی پڑھیں : آواز کی کلوننگ اور جذباتی کیفیت کا تجزیہ، پینٹاگون نے جاسوسی کیلئے نیا اے آئی نظام تیار کر لیا
تحقیقات کے مطابق ان اہلکاروں نے پیسوں کے عوض ایران کو انتہائی حساس ڈیٹا فراہم کیا، جس میں لڑاکا طیاروں کے انجن کے نظام کا خاکہ، فوجی اڈوں کی تصاویر اور وہاں موجود اہلکاروں کی معلومات شامل ہیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ان جاسوسوں کو یہ کام بھی سونپا گیا تھا کہ وہ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو، کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ فوجی کمانڈروں کی نقل و حرکت اور ان کی رہائش گاہوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کریں۔
ایرانی ہینڈلرز نے ان سے تل ابیب کی اہم سڑکوں کی نقشہ سازی اور فضائی دفاعی نظام کی لوکیشنز بھی طلب کی تھیں۔ ایک ملزم سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ فوجی طیارے کی پرواز میں تاخیر کرے یا کسی تخریبی کارروائی میں حصہ لے۔
یہ واقعہ اسرائیل کے اندرونی سکیورٹی نظام کی بڑی ناکامی تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ حالیہ مہینوں میں اسرائیلی فوجیوں اور آبادکاروں کے ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











