اتوار، 19-اپریل،2026
اتوار 1447/11/02هـ (19-04-2026م)

آواز کی کلوننگ اور جذباتی کیفیت کا تجزیہ، پینٹاگون نے جاسوسی کیلئے نیا اے آئی نظام تیار کر لیا

17 اپریل, 2026 12:08

پینٹاگون نے بارہ ملین ڈالر کی لاگت سے ایک ایسا جدید مصنوعی ذہانت کا نظام تیار کیا ہے، جو نہ صرف انسانی آواز کی ہو بہو نقل کر سکتا ہے، بلکہ گفتگو کے دوران انسانی خوف اور دباؤ کی کیفیت کو بھی بھانپ لیتا ہے۔

امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون کے تحت کام کرنے والے ادارے ڈارپا نے ایک نیا پیٹنٹ حاصل کیا ہے، جس میں تین ماہرین کی ٹیم نے ایک ایسا حیرت انگیز مصنوعی ذہانت کا نظام بنایا ہے، جو انسانی نفسیات اور آواز کے باریک ترین تغیرات کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس ٹیم میں آواز کے فرانزک ماہر، حیاتیاتی اشاروں کے ماہر اور ایک نظام ساز انجینئر شامل ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد ایک ایسی مشین تیار کرنا ہے، جو سطروں کے درمیان چھپے معنی کو پڑھ سکے۔

روایتی نظام صرف مخصوص الفاظ جیسے بینک کوڈ یا رقم کی منتقلی پر نظر رکھتے ہیں، لیکن یہ نیا نظام پوری گفتگو کے ڈھانچے کو ٹریک کرتا ہے۔

یہ نظام بالکل شطرنج کے ماہر کی طرح کام کرتا ہے، جو صرف مہروں کو نہیں بلکہ چالوں کے پیچھے چھپے خطرات کے تسلسل کو دیکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی بندرگاہوں کا مکمل محاصرہ، بارہ امریکی بحری جہاز اور سو طیارے تعینات

یہ اے آئی سسٹم جاسوسی کے ان چار مراحل کی نگرانی کرتا ہے، جو سو سال سے جاسوسی کے اسکولوں میں سکھائے جا رہے ہیں، جن میں پیشکش، چھوٹی فرمائش، تسلی اور پھر دباؤ ڈالنا شامل ہے۔

جیسے ہی گفتگو ان چاروں مراحل کو عبور کرتی ہے، نظام اسے خطرے کی علامت سمجھ کر کال کاٹ دیتا ہے اور ڈیٹا بلاک کر دیتا ہے۔

اس پیٹنٹ میں سب سے اہم انکشاف آواز کی کلوننگ سے متعلق ہے، یہ نظام صرف ایک منٹ کی آڈیو ریکارڈنگ سے کسی بھی انسان کی ایسی آواز تیار کر سکتا ہے، جسے انسانی کان فرق نہیں کر سکیں گے۔

اس ٹیکنالوجی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ یہ میدان جنگ میں کسی افسر کی کلون کی گئی آواز کو پہچان سکے گی کہ وہ انسان ہے یا کوئی پروگرام۔

تاہم، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہی نظام مستقبل میں لوگوں کو ورغلانے اور ان کی نفسیاتی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جہاں ہزاروں لوگ بیک وقت کسی مشین سے بات کر رہے ہوں گے اور انہیں احساس تک نہیں ہو گا کہ وہ کسی انسان کے بجائے ایک پروگرام کے زیر اثر ہیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔