اتوار، 26-اپریل،2026
اتوار 1447/11/09هـ (26-04-2026م)

اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف لاکھوں افراد کا احتجاج، استعفیٰ کا مطالبہ

26 اپریل, 2026 11:21

تل ابیب سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا، جس میں مظاہرین نے حکومت سے فوری استعفیٰ اور سات اکتوبر کے واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب اور دیگر اہم شہروں میں عوامی غم و غصے کا زبردست اظہار دیکھنے میں آیا، جہاں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس احتجاج کا مرکز تل ابیب کا ہابیما اسکوائر تھا، جہاں پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ہزاروں افراد جمع ہوئے اور حکومت کی برطرفی کے حق میں نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا بنیادی مطالبہ یہ تھا کہ نیتن یاہو حکومت فوری طور پر مستعفی ہو اور سات اکتوبر 2023 کو ہونے والے حملوں کے حوالے سے ایک باقاعدہ سرکاری تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ ان سیکیورٹی ناکامیوں کا تعین کیا جا سکے جو اس بڑے سانحے کا سبب بنیں۔

مظاہرین نے حکومت کی جانب سے غزہ میں موجود قیدیوں کی واپسی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی کڑی تنقید کی اور عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کی شہ رگ، میٹھے پانی کے پلانٹس اور جنگی خطرات

یہ مظاہرے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب سپریم کورٹ میں سات اکتوبر کے واقعات کی تحقیقات کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

صرف تل ابیب ہی نہیں بلکہ بیت المقدس اور حیفہ جیسے شہروں میں بھی سینکڑوں افراد نے نیتن یاہو کے خلاف مارچ کیا۔ حیفہ کے ہوریو سینٹر میں تقریباً ایک ہزار مظاہرین جمع ہوئے جبکہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی احتجاجی لہر کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ان مظاہروں انعقاد بدعنوانی کے خلاف کام کرنے والے ادارے اور مختلف شہری حقوق کی تنظیموں نے مل کر کیا۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے اب تک سات اکتوبر کے حملوں پر تحقیقاتی کمیشن بنانے سے صاف انکار کر رکھا ہے، ان کا مؤقف ہے کہ ایسا کوئی بھی کمیشن ان کے خلاف متعصبانہ کارروائی کرے گا۔

واضح رہے کہ نومبر 2024 میں عالمی فوجداری عدالت نے نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جبکہ عالمی عدالتِ انصاف میں بھی اسرائیل کو نسل کشی کے مقدمے کا سامنا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔