امریکی بنکر شکن 4 بم پاسدارانِ انقلاب کے ہاتھ لگ گئے، 3 تباہ، ایک قابل استعمال حالت میں برآمد

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکہ کے تین سب سے بڑے بنکر شکن بم تباہ کر دیئے ہیں، جبکہ ایک کو ناکارہ بنا کر صحیح سلامت قبضے میں لے لیا گیا ہے، جو امریکی عسکری ٹیکنالوجی کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی نے صوبہ زنجان میں ایک بڑی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے، جہاں امریکی فضائیہ کے تین انتہائی طاقتور بنکر شکن بموں کو تباہ اور ایک کو قابل استعمال حالت میں برآمد کر لیا گیا ہے۔
یہ بم جی بی یو-57 کے نام سے جانے جاتے ہیں جنہیں میسیو آرڈیننس پینی ٹریٹر بھی کہا جاتا ہے اور یہ دنیا کے وزنی ترین غیر ایٹمی ہتھیاروں میں شمار ہوتے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب ماہرین کی ٹیمیں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری حالیہ جنگ بندی کے دوران غیر پھٹنے والے بارود اور ہتھیاروں کو ٹھکانے لگانے میں مصروف تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے مذاکرات کی بحالی کیلئے تین مرحلوں پر مشتمل نیا فارمولا پیش کردیا
زنجان کے حساس مقامات اور زرعی اراضی سے ان بموں کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جو امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران گرائے گئے تھے، لیکن اپنے ہدف پر پھٹنے میں ناکام رہے۔
رپورٹ کے مطابق برآمد ہونے والے یہ بم تیس ہزار پاؤنڈ وزنی ہیں، جو زمین کی گہرائی میں موجود بنکرز اور ایٹمی تنصیبات کو تباہ کرنے کے لیے تیار کیے گئے تھے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ماہرین نے انتہائی مہارت سے ایک بم کو ناکارہ بنا کر اسے محفوظ مراکز منتقل کر دیا ہے تاکہ اس کی جدید ٹیکنالوجی اور ڈیزائن کا مطالعہ کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ کارروائی کے دوران ساڑھے نو ہزار سے زائد چھوٹے بم (بملیٹس) بھی برآمد کیے گئے ہیں، جو کلسٹر بموں کے ذریعے حساس علاقوں میں پھیلائے گئے تھے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی ساختہ ایف پندرہ، ایف سولہ اور ایف پینتیس طیاروں سے داغے گئے متعدد میزائل اور راکٹ بھی ناکارہ بنائے گئے ہیں۔
دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ ایک مکمل بنکر شکن بم کا ایرانی ہاتھوں میں لگنا واشنگٹن کے لیے تشویشناک ہے کیونکہ اس سے ایران کو امریکی ہتھیاروں کی انجینئرنگ اور دفاعی صلاحیتوں کو سمجھنے میں بڑی مدد ملے گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











