پیر، 27-اپریل،2026
پیر 1447/11/10هـ (27-04-2026م)

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحق افراد ہوجائیں خبردار!!! نیا فراڈ سامنے آگیا

27 اپریل, 2026 10:33

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے سندھ کے ضلع مٹیاری میں سرکاری ملازمین کی جانب سے مالی امداد کے غلط استعمال کا بڑا انکشاف کیا ہے۔ حکام کے مطابق 600 سے زائد سرکاری ملازمین نے اپنی اہلیہ کے نام پر پروگرام سے غیر قانونی طور پر مالی معاونت حاصل کی۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سرکاری ڈیٹا اور نادرا کے ریکارڈ کی مدد سے تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے 607 ملازمین اس اسکیم سے فائدہ اٹھاتے پائے گئے۔

ان محکموں میں پولیس، ریونیو، آبپاشی، صحت، واپڈا، اسکارپ اور محکمہ تعلیم شامل ہیں۔ بی آئی ایس پی صرف کم آمدنی والے اور مستحق خاندانوں کو مالی مدد فراہم کرتا ہے، لیکن ان ملازمین کے کیسز میں اہلیت کی شرط پوری نہیں ہوتی تھی۔

حکام کے مطابق تین ماہ قبل اس معاملے پر کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں تمام اکاؤنٹنٹ جنرل دفاتر کو آگاہ کیا گیا اور مکمل جانچ شروع کی گئی۔ بعد ازاں ریکوری کا عمل شروع کیا گیا، جس میں تنخواہوں سے رقم واپس لی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسکارپ کے 45 ملازمین سے 7 لاکھ 29 ہزار روپے سے زائد رقم وصول کی گئی۔ اسی طرح آبپاشی کے 42 ملازمین سے 6 لاکھ 85 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔

مزید یہ کہ ڈپٹی کمشنر آفس اور محکمہ تعلیم کے ملازمین کی تنخواہوں سے بھی ماہانہ بنیادوں پر 10 ہزار سے 20 ہزار روپے تک کٹوتی کی جا رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔