گورنر سندھ کی بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کے اہل خانہ سے ملاقات، رہائی کی یقین دہانی

صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانیوں کے اہل خانہ نے گورنر ہاؤس میں نہال ہاشمی سے ملاقات کی، جس پر گورنر نے شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا وعدہ کیا ہے۔
صومالیہ کے بحری قزاقوں کی قید میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے خاندانوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کر کے اپنے پیاروں کی رہائی کی اپیل کی ہے۔
گورنر سندھ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بحری قزاقوں نے ایک جہاز کو اغوا کیا ہے، جس میں پاکستانی شہری بھی یرغمال ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پاکستانی لاوارث نہیں ہیں اور حکومت ان کے خاندانوں کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو مسترد کردیا
گورنر نے بتایا کہ اس سلسلے میں وزیر میری ٹائم اور سیکریٹری خارجہ سے رابطہ ہو چکا ہے، جبکہ صومالیہ میں موجود پاکستانی سفارت خانہ بھی مسلسل رابطے میں ہے۔
نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ یورپی یونین کی تنظیموں سے بھی مدد لی جا رہی ہے اور قزاقوں سے رہائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کا اختیار دے دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جہاز کا مالک صومالی ہے اور جہاز کا کپتان انڈونیشین ہے، جو تیل لے کر صومالیہ ہی جا رہا تھا۔ اگرچہ صومالیہ کی اندرونی صورتحال ٹھیک نہیں ہے، لیکن پاکستانیوں کی رہائی کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔
یرغمالیوں کے اہل خانہ نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کی آخری بار بات جمعے کو ہوئی تھی، یرغمالی سخت تکلیف میں ہیں اور ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قزاقوں کے پاس جدید اسلحہ موجود ہے، جس کی وجہ سے خطرہ بڑھ گیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ گورنر ہاؤس اس امید پر آئے ہیں کہ حکومت ان کے پیاروں کو جلد وطن واپس لائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










