پیر، 27-اپریل،2026
پیر 1447/11/10هـ (27-04-2026م)

کوئٹہ: میڈیکل کی طالبہ نے ڈاکٹر بننے کیلئے اپنے ہی چار سالہ بھانجے کو اغواء کرلیا

27 اپریل, 2026 15:02

کوئٹہ میں ڈاکٹر بننے کے لیے بیرون ملک جانے کی خواہشمند میڈیکل کی طالبہ نے اپنے ہی چار سالہ بھانجے کو اغوا کر کے ساٹھ ہزار ڈالر تاوان مانگ لیا، پولیس نے بچے کو بازیاب کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خالہ نے اپنے ہی معصوم بھانجے کو اغوا کر لیا۔

سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کی رپورٹ کے مطابق ملزمہ مزلفہ، جو کہ میڈیکل کی طالبہ ہے، ڈاکٹر بننے کے لیے بیرون ملک جانا چاہتی تھی اور اسے اس مقصد کے لیے بھاری رقم کی ضرورت تھی۔

جب اس کے والدین نے مالی معاونت سے انکار کیا تو اس نے اپنے کزن کے چار سالہ بیٹے مزمل احمد کو اغوا کر کے ساٹھ ہزار ڈالر تاوان طلب کرنے کا منصوبہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں : پائپ لائن دھماکے سے کوئٹہ اور مضافات میں گیس کا بحران، شہریوں کو متبادل انتظام کی ہدایت

ملزمہ نے بچے کے اہل خانہ کو فرانس کے واٹس ایپ نمبر سے میسجز کیے اور بچے کی زخمی حالت میں تصویر بھجوا کر تاوان کا مطالبہ کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پندرہ اپریل کو مشرقی بائی پاس سے بچے کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی، جس کے بعد ایس ایس پی اصغر عثمان ملک کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس نے ملزمہ کے ٹھکانے کا سراغ لگایا اور مشرقی بائی پاس پر ایک نجی ہاؤسنگ اسکیم میں چھاپہ مار کر بچے کو ایک کمرے میں بیڈ کے نیچے سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔

ملزمہ نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے بچے کو مٹھائی کا لالچ دے کر اغوا کیا اور اسے اپنے کمرے میں چھپا کر رکھا، جس کا گھر کے کسی فرد کو علم نہیں تھا۔ بچے کے والد نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔