اسرائیل فلسطین سے قبضہ ختم کرے، دو ریاستی حل ہی واحد امن کا راستہ ہے، عاصم افتخار

پاکستان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بگڑتی صورتحال عالمی معیشت کے لیے خطرہ ہے، مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے مسئلہ فلسطین کے مستقل حل اور دو ریاستی فارمولے پر عمل درآمد کیا جائے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونے والے مباحثے کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور عالمی معیشت پر اس کے اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جاری تناؤ صرف خطے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کے لیے تشویش کا باعث ہے، کیونکہ یہاں سے ہونے والی تجارت عالمی معاشی استحکام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ امریکہ ایران مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے اس عزم کا ثبوت ہے کہ ہم خطے میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کو لبنان میں جنگ بندی کا پابند بنایا جائے، ایران کا سلامتی کونسل سے مطالبہ
عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں مشرق وسطیٰ کے اصل مسئلے کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل نکالے بغیر خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے نہیں رکے اور اب تک آٹھ سو سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
پاکستانی مندوب نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور شام کی سالمیت کی خلاف ورزیوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












