جمعہ، 1-مئی،2026
جمعہ 1447/11/14هـ (01-05-2026م)

کراچی میں رینجرز کی اہم کارروائی، پاپا گروہ کا سرغنہ گرفتار

01 مئی, 2026 13:19

رینجرز نے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران شہر میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے پاپا گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ پاپا گروہ کے سرغنہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم کے قبضے سے مختلف شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں دو سو سے زائد ڈکیتیوں، راہزنی اور موبائل فون چھیننے کی سنگین وارداتوں میں براہ راست ملوث رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ مافیا کے دو اہم کارندے گرفتار

ترجمان رینجرز نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملزم نہ صرف کراچی بلکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی جرائم کی وارداتیں کر چکا ہے اور وہاں کے مختلف تھانوں میں اس کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔

رینجرز حکام کے مطابق اس خطرناک گروہ کے خلاف گھیرا پہلے ہی تنگ کیا جا چکا تھا اور پاپا گروہ کے دو اہم ساتھی پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں، جو اس وقت جیل میں ہیں۔

اس سرغنہ کی گرفتاری سے شاہ فیصل کالونی اور گردونواح کے علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی شرح میں واضح کمی آنے کی توقع ہے۔ رینجرز نے ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔