ملک ریاض و دیگر کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

عدالت نے معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض، ان کے بیٹے علی ریاض اور پوتے زین ملک سمیت دیگر ملزمان کے تاحیات ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
قومی احتساب بیورو یعنی نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنسز کی سماعت کے دوران اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایک بڑا حکم جاری کیا ہے۔
عدالت نے بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض، ان کے فرزند احمد علی ریاض اور زین ملک کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کے تاحیات اور دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
یہ وارنٹ ناقابل ضمانت ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنا لازمی ہوگا۔ عدالت نے یہ فیصلہ ملزمان کی جانب سے طویل عرصے تک عدالتی کارروائی سے غیر حاضر رہنے اور اشتہاری قرار دیئے جانے کے بعد سنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مصور عباسی نے ملک ریاض کی جائیداد 2 ارب 5 کروڑ روپے میں نیلامی میں حاصل کرلی
اس کیس میں صرف ملک ریاض ہی نہیں بلکہ دیگر کئی بااثر شخصیات کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ احتساب عدالت نے شاہد محمود قریشی، وسیم رفعت اور احمد بخش ناریجو کے بھی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔
اس کے علاوہ فیصل سرور قریشی، ثاقب سومرو اور وقاص رفعت کی گرفتاری کے لیے بھی وارنٹ جاری ہو چکے ہیں۔ نیب حکام کے مطابق ان تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
اشتہاری قرار دیئے جانے کے بعد اب ان ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی میں غیر معمولی تیزی آ گئی ہے اور ان کی جائیدادوں کی ضبطگی کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جانے کا امکان ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










