ہفتہ، 2-مئی،2026
ہفتہ 1447/11/15هـ (02-05-2026م)

تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہی بارشیں؛ محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی

02 مئی, 2026 10:03

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ 4 مئی تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے دوران کئی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی موسم تبدیل ہونے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ کچھ مشکلات بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔

سندھ کے بعض شہروں جیسے سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں بھی آج اور کل بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 2 مئی سے 4 مئی کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں۔

ادارے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی بھی آ سکتی ہے۔ میدانی علاقوں، خاص طور پر پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔