ہفتہ، 2-مئی،2026
ہفتہ 1447/11/15هـ (02-05-2026م)

پنجاب بھر میں سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 21 دہشت گرد گرفتار

02 مئی, 2026 12:42

پنجاب میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر محکمہ انسداد دہشت گردی نے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، خانیوال، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، گجرات، پاکپتن اور بہاولپور میں مجموعی طور پر 214 آپریشنز کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

لاہور میں ایک اہم کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مبینہ خطرناک دہشت گرد کو بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک اور کارروائی کے دوران مبینہ طور پر کالعدم تنظیم سے وابستہ ایک ملزم کو دھماکہ خیز مواد کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار افراد سے دھماکہ خیز مواد، دیسی ساختہ بم، ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ اسٹیکرز، کتابیں اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار افراد مختلف مقامات پر تخریبی کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ان کے نیٹ ورک اور رابطوں کی مزید تفتیش جاری ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 5040 کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن میں 587 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران 18932 افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ادارہ “محفوظ پنجاب” کے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔