ایم کیو ایم کا کے الیکٹرک کیخلاف اعلان جنگ، وزیر اعظم سے لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ

ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی میں جاری بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کردیا جائے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کے الیکٹرک پر سخت تنقید کی ہے۔
ایم کیو ایم کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے امتحانات میں مصروف طلبہ ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں اور ان کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔
بیان میں کے الیکٹرک کو ایک نااہل ترین ادارہ قرار دیتے وہئے کہا گیا کہ انہیں کراچی کے شہریوں پر ظلم کرنے کا لائسنس دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا پورا نظام محض چار وزراء کے ہاتھوں میں ہے، ایم کیو ایم
ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ نااہلی اور غنڈہ گردی کی تمام حدیں عبور کر چکا ہے اور اس کی ہٹ دھرمی کے آگے تمام حکمران بے بس نظر آتے ہیں۔
بیان کے مطابق سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ وہ علاقے جنہیں خود کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ فری قرار دیا تھا، وہاں بھی بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
ایم کیو ایم نے الزام لگایا کہ کمپنی اپنی نااہلی چھپانے کے لیے بجلی چوری جیسے من گھڑت الزامات کا سہارا لیتی ہے۔ کراچی کے کئی علاقوں میں 21 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے، جس کی وجہ سے دنیا کی مہنگی ترین بجلی خریدنے والے شہری بھی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔
ایم کیو ایم نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ظلم کا ازخود نوٹس لیں اور اس انسان دشمن کمپنی کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کر کے کسی قابل اور اہل کمپنی کو کراچی کی بجلی کا نظام سونپا جائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








