بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

فیلڈ مارشل کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس کا خطےکی کشیدہ صورتحال پر تحمل کا رویہ برقرار رکھنے پر زور

05 مئی, 2026 19:34

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔ جس میں سیکیورٹی اور علاقائی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کور کمانڈرز کانفرنس کا دو سو پچہترواں اجلاس تھا، جس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ فورم کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں قومی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔

فورم نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے اور ان کے معاون ڈھانچے کی تباہی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ملک میں کسی بھی شرانگیزی کو روکنے کے لیے آپریشنز کی رفتار برقرار رکھی جائے گی۔

اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر بھی اظہار تشویش کیا گیا۔ فورم کے مطابق افغان طالبان رجیم کی پالیسیوں کے باعث دہشت گرد عناصر کو پناہ مل رہی ہے، جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ فورم نے اس عمل کو افغان عوام کے مفاد کے خلاف قرار دیا۔

فورم نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پھیلایا جانے والا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے اور یہ ایک منظم غلط معلوماتی مہم کا حصہ ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ اس کی کارروائیاں صرف دہشت گردوں اور دراندازوں کے خلاف ہوتی ہیں اور ان کا ہدف ہمیشہ درست اور محدود ہوتا ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے مسلسل ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقائی امن کے لیے تحمل، باہمی احترام اور خودمختاری کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

فورم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں کمانڈرز کو ہدایت دی گئی کہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مکمل تیاری اور مستعدی برقرار رکھی جائے۔ پیشہ ورانہ مہارت اور مربوط حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کو قومی اتحاد اور مشترکہ عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم، حکومت اور مسلح افواج ایک مضبوط دیوار کی طرح ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔