بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

کینگرو لینڈ میں پاکستانی پرچم بلند، سردار ارسم عباس آسٹریلیا میں بہترین غیر ملکی کیڈٹ قرار

06 مئی, 2026 11:04

آسٹریلیا کے معروف رائل ملٹری کالج ڈنٹرو ن کینبرا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران پاکستانی آرمی کیڈٹ سردار ارسم عباس کو تربیت کے تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ’اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ‘ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں واقع رائل ملٹری کالج ڈنٹرو ن میں 5 مئی 2026 کو ایک پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں پاکستان آرمی کے 152 ویں لانگ کورس سے تعلق رکھنے والے کیڈٹ سردار ارسم عباس نے اپنی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم و حوصلے کی بدولت ’اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ‘ کا معتبر اعزاز اپنے نام کر لیا۔

یہ ایوارڈ کسی بھی غیر ملکی کیڈٹ کو تربیت کے تمام مراحل، نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر دیا جاتا ہے، جو پاکستان آرمی کی جونیئر قیادت کے اعلیٰ معیار اور پیشہ ورانہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کمیشننگ پریڈ کا معائنہ آسٹریلوی چیف آف آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹورٹ نے کیا، جبکہ تقریب میں آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی ہائی کمشنر، سفارتی برادری کے ارکان، فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کے اہل خانہ اور آسٹریلوی دفاعی افواج کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر کا پاکستان کی درخواست پر آبنائے ہرمز میں پروجیکٹ فریڈم معطل کرنے کا اعلان

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2013 سے اب تک پاکستان آرمی کے 7 افسران اس باوقار اکیڈمی میں بطور پلاٹون کمانڈرز اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 2009 سے اب تک 46 پاکستانی کیڈٹس یہاں سے کامیاب ہو کر نکلے ہیں۔

یہ 14 واں موقع ہے، جب کسی پاکستانی کیڈٹ نے رائل ملٹری کالج ڈنٹرو ن میں بہترین غیر ملکی کیڈٹ کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

اس سے قبل تمغہ بسالت پانے والے لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد سلہریا شہید نے بھی یہ اعزاز حاصل کیا تھا، جنہوں نے 4 ستمبر 2020 کو شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کیا۔

لیفٹیننٹ ناصر شہید کا نام آج بھی اس اکیڈمی کے پریڈ گراؤنڈ میں نصب یادگاری پتھر پر کندہ ہے، جو پاکستانی افسران کی شجاعت، قربانی اور پیشہ ورانہ وقار کی علامت کے طور پر موجود ہے۔

سردار ارسم عباس کی اس کامیابی نے ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان آرمی کے تربیتی معیار کا لوہا منوا لیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔