بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

امریکہ اور ایران میں مذاکرات، جلد خطے میں مستقل امن کا سبب بنیں گے، وزیر اعظم

06 مئی, 2026 15:26

وزیر اعظم نے کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی سفارت کاری میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان کامیاب ثالثی کی ہے، یہ بات چیت جلد ہی خطے میں مستقل اور دیرپا امن کی شکل اختیار کر لے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ چھٹی بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پوری دنیا کو پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کے حوالے سے اہم ترین پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

اس عظیم اجتماع میں برادر اسلامی ممالک کے جید علما کرام کی موجودگی کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امتِ مسلمہ کو تقسیم کرنے والے عناصر مسلمان کہلانے کے لائق نہیں اور آج وقت کی ضرورت ہے کہ امت میں مزید اتفاق و اتحاد پیدا کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ کی گیارہ اور بارہ تاریخ کو پاکستان کی دعوت پر امریکی اور ایرانی قیادت نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جو 1989 کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا نے پاکستان پر تاریخی اعتماد کیا ہے اور ہم نے پختہ عزم کے ساتھ بات چیت کے بند دروازے کھولے، جس کے نتیجے میں دونوں فریقین عارضی جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کا امریکی صدر کے پروجیکٹ فریڈم روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم

وزیر اعظم نے ایران اور امریکہ کی قیادت کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پاکستان کی ثالثی کو قبول کیا اور اسلام آباد کی سرزمین پر بیٹھ کر پہلی بار براہِ راست گفتگو کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بات چیت جلد ہی خطے میں مستقل اور دیرپا امن کی شکل اختیار کر لے گی۔

اس عظیم سفارتی کامیابی کا سہرا شہباز شریف نے عسکری اور سیاسی قیادت کے سر باندھتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فریقین کو جنگ بندی اور مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے شب و روز محنت کی اور ان کی یہ کوششیں اب بھی جاری ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امن مذاکرات کے لیے بھرپور کردار ادا کیا، جس سے پاک سعودی تعلقات کی نئی تاریخ رقم ہوئی۔

انہوں نے چین، ترکیہ اور دیگر برادر ممالک کی معاونت کو بھی سراہا۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے اور ان کا حقِ خودارادیت ملنے تک پاکستان اپنے اصولی مؤقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔