جمعرات، 7-مئی،2026
جمعرات 1447/11/20هـ (07-05-2026م)

بیروت پر اسرائیل کا بڑا حملہ، حزب اللہ کے اہم کمانڈر کی شہادت کا دعویٰ

07 مئی, 2026 09:01

اسرائیلی فضائیہ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر شدید بمباری کی ہے، جس میں حزب اللہ کی اہم رضوان فورس کے کمانڈر مالک بالو کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی قابض افواج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے، جو کہ شیعہ اکثریتی علاقہ سمجھا جاتا ہے، پر ایک ہولناک فضائی حملہ کیا ہے۔

اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں حزب اللہ کی انتہائی تربیت یافتہ ‘رضوان فورس’ کے ایک اہم کمانڈر مالک بالو کو شہید کر دیا گیا ہے۔

لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے بیروت کے جنوبی علاقے غبیری کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور علاقے میں بڑے پیمانے پر عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے خود فوج کو اس کارروائی کی ہدایت دی تھی۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ رضوان فورس کے جنگجو اسرائیلی بستیوں پر حملوں کے ذمہ دار ہیں اور کسی بھی دہشت گرد کو استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اسرائیل کا ہاتھ ہر دشمن اور قاتل تک پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات نے شہریوں پر ایران، لبنان اورعراق کے سفر پر پابندی عائد کردی

واضح رہے کہ 17 اپریل کو امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد بیروت پر یہ پہلا بڑا حملہ ہے۔ اس سے قبل بیروت کے حوالے سے ایک خاموش معاہدہ موجود تھا کہ دارالحکومت کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا، تاہم اسرائیل نے اس معاہدے کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ حزب اللہ کی جانب سے ابھی تک اپنے کمانڈر کی شہادت کے دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب جنگ بندی کے باوجود لبنان کے جنوبی اور مشرقی حصوں میں اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں، جن میں بدھ کے روز 13 افراد شہید ہوئے ہیں۔

بقاع کی وادی میں ہونے والے ایک حملے میں چار افراد شہید ہوئے، جبکہ جنوبی لبنان کے کئی قصبوں کو خالی کرنے کے اسرائیلی احکامات کے بعد وہاں بھی بمباری کی گئی۔

جواب میں حزب اللہ نے بھی جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی نقل و حرکت اور شمالی اسرائیل میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی لبنان میں ایک ڈرون حملے میں ان کے چار فوجی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

دو مارچ سے جاری اس لڑائی میں اب تک 2 ہزار 700 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں 17 اپریل کی جنگ بندی کے بعد ہونے والے درجنوں جانی نقصانات بھی شامل ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔