پہلی بار دیکھا کہ کوئی وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے بجائے تحریک چلا رہا ہے، سینیٹر زاہد خان

سینیٹر زاہد خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے رہنما سینیٹر زاہد خان نے اپنے بیان میں خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سینیٹر نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار دیکھا ہے کہ کوئی وزیراعلیٰ اس طرح تحریک چلا رہا ہے۔ جس شخص کو اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داریوں کا ہی احساس نہ ہو، اس صوبے کے عوام کا اللہ ہی حافظ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا لاوارث صوبہ بن چکا ہے، جہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، امیر مقام
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور عوام کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے صوبائی وسائل کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔
سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے مینڈیٹ دیا ہے تو سب سے پہلے ان کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دی جانی چاہیے نہ کہ جلوس نکال کر اسلام آباد پر حملے کی تیاری کی جائے۔
انہوں نے کڑے الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو تحریک طالبان پاکستان کا سیاسی ونگ قرار دیا اور کہا کہ احتجاج کی آڑ میں سرکاری مشینری اور وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











