معرکہ حق کی تاریخی کامیابی، نوجوان نسل کا پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد

معرکہ حق میں دشمن کے خلاف حاصل ہونے والی تاریخی اور شاندار فتح پر پاکستانی قوم، بالخصوص نوجوان نسل اپنی افواج سے والہانہ محبت کا اظہار کر رہی ہے۔
معرکہ حق کی تاریخی فتح نے پاکستانی قوم کے دلوں میں اپنی افواج کے لیے محبت اور فخر کے جذبات کو مزید جلا بخش دی ہے۔
اس حوالے سے جینریشن پاکستان کے نوجوانوں نے معرکہ حق میں دشمن کے خلاف حاصل ہونے والی فتح کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معرکے نے ثابت کر دیا کہ دشمن کی عددی برتری ایمان کے جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔
نوجوانوں کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے پر بھارت نے ہمیشہ کی طرح بغیر کسی ثبوت اور شواہد کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، جسے بی جے پی حکومت نے اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیے ایک ‘فالس فلیگ’ آپریشن کے طور پر استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق کا ایک سال مکمل، پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین
بھارت کی اس سازش کا مقصد اندرونی ناکامیوں کو چھپانا اور بیرونی رنگ دے کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا تھا، لیکن دشمن نے پہلگام کی ہزیمت کو چھپانے کے لیے پاکستان پر حملہ کر کے اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کی۔
پاکستانی نوجوانوں نے فخر سے بتایا کہ انہیں اپنی بہادر اور پیشہ ور افواج کی صلاحیتوں پر اس قدر اعتماد تھا کہ جنگ کے بادل منڈلانے کے باوجود قوم میں کوئی خوف نہیں تھا۔ پاکستانی افواج نے دشمن کی ہر جارحیت کا نہ صرف منہ توڑ جواب دیا بلکہ میدان جنگ میں ان کے چھکے چھڑا دیے۔
خاص طور پر پاک فضائیہ کے جری شاہینوں نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو مار گرایا اور ان کی جدید ٹیکنالوجی کا سارا غرور خاک میں ملا دیا۔
اس تاریخی فتح، آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستانی عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے اور پوری دنیا نے پاکستانی قوم کا بے مثال اتحاد، جذبہ اور ہمت دیکھ لی۔
نوجوانوں کا کہنا ہے کہ معرکہ حق کی یہ فتح آنے والی نسلوں کے لیے جرات کی داستان بن چکی ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہماری سرحدیں ایسے جری محافظوں کے ہاتھ میں ہیں، جن کی موجودگی میں دشمن کبھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











