سرینگر سے بھٹنڈا تک بھارت کو تاریخی سبق سکھایا، ایئر چیف مارشل

ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے کہ دشمن کی تمام اہم تنصیبات پاک فضائیہ کے نشانے پر تھیں، پاک فضائیہ نے سرینگر سے لے کر بھٹنڈا تک دشمن کو وہ سبق سکھایا، جو تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع ایئر ہیڈ کوارٹرز میں ’معرکہ حق‘ کی شاندار کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو حاصل ہونے والی کامیابی محض ایک فتح نہیں بلکہ ایک تاریخی سنگ میل ہے، جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں کو اس عظیم معرکے میں غیر معمولی ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت دکھانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
ایئر چیف مارشل نے بھارتی فضائیہ کی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو عبرتناک اور تذلیل سے بھرپور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل، سابق فوجی افسران کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین
انہوں نے واضح کیا کہ پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی حقیقی محافظ ہے اور اس نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیا کے سرفہرست لڑاکا طیاروں کو لمحوں میں خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایئر چیف نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش بھی کی تھی، تاہم بھارت نے ہٹ دھرمی برقرار رکھی، جس کا اسے منہ توڑ جواب دیا گیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے بتایا کہ اس معرکے کے دوران پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے جہاز گرائے بلکہ ان کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے سرینگر سے لے کر بھٹنڈا تک دشمن کو وہ سبق سکھایا، جو تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے سائبر شاہینوں کی کارکردگی کو بھی سراہا، جنہوں نے دشمن کی سائبر سیکیورٹی کو مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا۔
ایئر چیف کا کہنا تھا کہ دشمن کی تمام اہم تنصیبات پاک فضائیہ کے نشانے پر تھیں اور ایس 400 جیسے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں ناکارہ بنایا گیا۔
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں پاکستان نے اپنی بہترین ڈرون صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور فضائی، الیکٹرانک اور سائبر وار فیئر کے شعبوں میں دشمن کو بری طرح شکست دے کر ریکارڈ وقت میں ان کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











