جمعرات، 7-مئی،2026
جمعرات 1447/11/20هـ (07-05-2026م)

کراچی میں رینجرز نے تیس مار خان اور کمانڈو گروہ کے 5 کارندے اسلحہ سمیت دھر لئے

07 مئی, 2026 12:03

سندھ رینجرز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خطرناک تیس مار خان اور کمانڈو گروہ کے پانچ کارندوں کو گرفتار کر لیا، جو سینکڑوں وارداتوں میں ملوث تھے۔

سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے شہر کے دو بدنام زمانہ ڈکیت گروہوں تیس مار خان اور کمانڈو گروہ سے تعلق رکھنے والے پانچ انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں گلفام عرف سنی، محمد شان، داؤد، اشرف عرف پنو اور اسماعیل شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے تین پستول، پانچ میگزین، اٹھائیس راؤنڈز، چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص حیدری مارکیٹ، گودرہ چوک، گلبرگ ٹاؤن، سرینہ موبائل مارکیٹ اور ناظم آباد میں سرگرم تھے اور اب تک 450 سے 500 ڈکیتی کی وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے، موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھین چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری، کراچی میں گرمی کی شدت 42 ڈگری تک جانے کا خدشہ

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گرفتار ملزم محمد شان جرائم پیشہ افراد کو غیر قانونی اسلحہ فراہم کرنے کے نیٹ ورک میں بھی ملوث تھا، جس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں مدد ملتی تھی۔

ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر پانچ سے چھ شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی بھی کیا ہے۔

سندھ رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں پہلے ہی متعدد مقدمات درج ہیں۔

رینجرز نے ضروری قانونی کارروائی اور مزید تفتیش کے لیے ملزمان کو برآمد شدہ اسلحے اور سامان سمیت پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔