جمعرات، 7-مئی،2026
جمعرات 1447/11/20هـ (07-05-2026م)

پاکستانی افواج کی بھرپور جوابی کارروائی نے دشمن کو سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور کیا، محسن نقوی

07 مئی, 2026 14:24

وفاقی وزیر داخلہ نے معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح پاکستانی افواج نے بھارتی ڈرونز اور میزائل حملوں کو ناکام بنا کر دشمن کو سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے معرکہ حق کو سال مکمل ہونے کے موقع پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کے دوران بھارت نے پاکستان کے مختلف شہروں اور حساس تنصیبات پر ڈرون حملے کیے، لیکن ہماری افواج اور رینجرز نے ان میں سے اکثر ڈرونز کو سرحد پر ہی گرا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تصاویر اور ویڈیوز گواہ ہیں کہ کس طرح عام شہریوں نے بھی دشمن کے ان ڈرونز کو تباہ کرنے میں حصہ لیا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ جب بھارتی ڈرونز ہمارے شہروں میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، اس وقت پاکستان کے ڈرونز کئی گھنٹوں تک بھارت کی حساس ترین تنصیبات اور وزیراعظم ہاؤس کے اوپر پرواز کرتے رہے، جس پر بھارتی میڈیا میں کہرام مچا رہا۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت میں اسرائیلی تعاون سے مشترکہ فضائی اور زمینی ریڈار فیکٹری پر کام کا آغاز

وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ بھارت نے ہماری ایک بیس پر سولہ میزائل فائر کئے تھے، لیکن اللہ کی خصوصی مدد اور ہماری جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ان میں سے چودہ میزائلوں کا رخ موڑ کر انہیں سائیڈ کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ہم چھپ کر وار نہیں کریں گے بلکہ جب بھی حملہ کریں گے، بتا کر کریں گے۔ اس آپریشن کی کامیابی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار کلیدی تھا، جو ایئر چیف اور نیول چیف کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنگ کے دوران جب ملٹری سیکریٹری نے صدر پاکستان سے بنکر میں جانے کی درخواست کی تو انہوں نے شہادت کو ترجیح دیتے ہوئے بنکر میں جانے سے صاف انکار کر دیا۔ اسی طرح وزیراعظم پاکستان بھی مسلسل اپنے آفس میں موجود رہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا اور وزارت اطلاعات نے آئی ایس پی آر کے ساتھ مل کر بہترین کام کیا اور دشمن کے جھوٹے بیانیے کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ جب بھارت کو اندازہ ہوا کہ اس کا نقصان دس گنا بڑھ سکتا ہے، تو اسے سفید جھنڈا لہرانا پڑا اور وہ سیز فائر کی طرف آیا۔ سائبر وار فیئر کے میدان میں بھی پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی اور پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح ان کے حملوں کو ناکام بنایا گیا۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ہم خوارجی دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں اور اگر افغانستان کی سرزمین سے دوبارہ کوئی حملہ ہوا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔