وزیراعظم اپنا گھر پروگرام میں درخواست دینے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

Great news has arrived for those applying for the Prime Minister’s Apna Ghar Program
حکومت کے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہزاروں شہریوں کو اپنے گھر کے خواب کو حقیقت بنانے کیلئے آسان قرضوں کی فراہمی جاری ہے۔
حکام کے مطابق اب تک 1845 افراد کو مجموعی طور پر 5 ارب روپے سے زائد مالیت کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس اسکیم کو خاص طور پر ان لوگوں کیلئے بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے جو برسوں سے کرائے کے گھروں میں رہ رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے آئندہ چار سال کے دوران 5 لاکھ رہائشی مکانات کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے رعایتی شرح سود پر قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ کم اور متوسط آمدنی والے افراد بھی اپنا گھر بنا سکیں۔
حکام کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک 25 ہزار 304 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے 8 ہزار 990 درخواستوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ منظور شدہ قرضوں کی مجموعی مالیت 37 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عوام اس اسکیم میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس پاکستان، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری قانون و انصاف نے کمیٹی اراکین کو پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ یہ ایک سبسڈی پر مبنی ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہے جس کے ذریعے پہلی بار گھر خریدنے والوں کو 1 کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جا سکتا ہے۔
اس پروگرام کے تحت قرض پر صرف 5 فیصد شرح سود رکھی گئی ہے جبکہ قرض واپس کرنے کیلئے 20 سال تک کی مدت دی گئی ہے۔ مالیاتی ڈھانچے میں 90:10 کا تناسب رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزارت ہاؤسنگ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہاؤسنگ فنانس کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے قوانین میں اصلاحات ضروری ہیں۔ خاص طور پر فورکلوژر اور ریکوری کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ بینکوں کے خدشات کم ہوں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے۔
کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کا شعبہ ابھی پوری طرح ترقی نہیں کر سکا۔ اس لیے مؤثر قوانین، بہتر ریکوری نظام اور سازگار ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مالیاتی ادارے اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











