بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ، 7 اہلکار شہید اور متعدد زخمی

بنوں میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکے کئے، جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں مسلح دہشت گردوں نے فتح خیل پولیس چوکی کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق یہ حملہ انتہائی منظم طریقے سے کیا گیا، جس میں دہشت گردوں نے پہلے بارود سے بھری ایک تیز رفتار گاڑی پولیس چوکی کی عمارت سے ٹکرائی۔
اس خوفناک دھماکے کے فوری بعد دوسرا خودکش دھماکہ بھی کیا گیا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ حملے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ پولیس چوکی مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی۔
پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حملے کے وقت چوکی پر لگ بھگ 31 اہلکار تعینات تھے۔ اس حملے کے نتیجے میں اب تک 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ چھ اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں میں آپریشن کے دوران خودکش بمبار سمیت انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ شہداء کی نعشیں اور زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دھماکوں کے نتیجے میں نہ صرف سرکاری عمارت تباہ ہوئی بلکہ قریبی رہائشی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ملبے تلے دبنے اور شیشے ٹوٹنے کی وجہ سے آس پاس کے گھروں میں موجود خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر موجود رہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری رہا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









