پاکستان امن پسند ملک ہے مگر دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر عسکری تاریخ کا سنہری باب رقم کیا ہے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اس کی خودمختاری پر حملہ کرنے والوں کو ہمیشہ عبرتناک جواب ملے گا۔
کراچی ڈاکیارڈ میں معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی، جس کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے۔
اپنے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ ایک سال قبل اسی معرکے میں پاک افواج نے دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کو پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہری باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عسکری مہارت اور جدید جنگی صلاحیتوں کو دنیا تسلیم کرنے پر مجبور ہے۔
مراد علی شاہ نے بھارتی جارحیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے ڈرونز اور مسلسل اشتعال انگیزی کے ذریعے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن پاک فضائیہ، بحریہ اور فوج نے ایک فولادی دفاعی حصار قائم کر کے اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے بھارت کو چار گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، عطاء تارڑ
انہوں نے کہا کہ بھارت کا جنگی غرور پاکستانی افواج کی بہترین حکمت عملی کے سامنے ایک لمحہ بھی نہ ٹک سکا اور دشمن کو ہر محاذ پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعلیٰ نے خاص طور پر پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہا، جس نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے قوم کو متحد رکھا، جبکہ بھارتی میڈیا اپنے جھوٹے دعوؤں اور پروپیگنڈے کے باعث عالمی سطح پر بے نقاب ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے قوم کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جنگی حالات میں پاکستانی عوام نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور سرحدوں پر بسنے والے نوجوان دشمن کی گولہ باری کے باوجود اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت فائرنگ کر کے دشمن کے ڈرونز کو تباہ کیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سول اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی، اور صدر و وزیراعظم کے بروقت فیصلوں نے دشمن کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے دفاع پر پوری قوم ایک پیج پر متحد ہے۔
وزیراعلیٰ نے شہداء کی قربانیوں کو قومی سلامتی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کو جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں۔
انہوں نے عزم دہرایا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، مگر اپنی خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور مستقبل میں بھی پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو اسی طرح ناکام بنایا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








