جامشورو میں کروڑوں روپے مالیت کا گھی سے لدا ٹرالر لوٹ لیا گیا

جامشورو میں مسلح ڈاکوؤں نے دو کروڑ روپے مالیت کے گھی سے لدے ٹرالر کو لوٹ لیا۔ واردات کے دوران ڈرائیور اور کلینر کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے خالی ٹرالر برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
حیدرآباد کے ضلع جامشورو میں کے علاقے نوری آباد میں مسلح ڈاکوؤں نے ایک بڑی واردات کے دوران دو کروڑ روپے مالیت کا گھی لوٹ لیا۔
تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم کراچی سے سیالکوٹ جانے والے ایک ٹرالر کو، جس پر 28 ٹن گھی لدا ہوا تھا، نوری آباد تھانے کی حدود میں کمانڈر سٹی کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے منیجر ساجد جمیل کی مدعیت میں نوری آباد پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مدعی کے مطابق ویگو گاڑی میں سوار سات نامعلوم مسلح افراد نے ٹرالر کو راستے میں روکا اور اسلحے کے زور پر ڈرائیور فلک شیر سیال اور کلینر محمد اشرف کو یرغمال بنا لیا۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں رینجرز نے تیس مار خان اور کمانڈو گروہ کے 5 کارندے اسلحہ سمیت دھر لئے
ڈاکوؤں نے ان سے نقدی اور موبائل فون چھیننے کے بعد ان پر تشدد کیا اور ان کے ہاتھ پیر باندھ کر قریبی علاقے میں پھینک دیا۔ ڈاکو ٹرالر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ناکہ بندی کی اور کچھ دیر بعد ٹرالر کو خالی حالت میں برآمد کر لیا گیا، تاہم ٹرالر پر لدا ہوا دو کروڑ روپے مالیت کا گھی غائب تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش اور مال کی برآمدگی کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








