پیر، 11-مئی،2026
پیر 1447/11/24هـ (11-05-2026م)

نادرا نے ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ شہریوں کیلئے اہم سہولت متعارف کروا دی

11 مئی, 2026 11:11

نادرا نے ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ شہریوں کیلئے اہم سہولت متعارف کروا دی ہے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر کے ایسے شہریوں کے لیے ایک اہم اور نئی سہولت متعارف کروائی ہے جو اب تک شناختی نظام میں رجسٹر نہیں ہو سکے، خاص طور پر خواتین کو اس اقدام سے بڑا فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

نادرا حکام کے مطابق اب مخصوص عمر کے افراد کو شناختی کارڈ کے حصول کے لیے پیدائش سرٹیفکیٹ لازمی نہیں ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت 18 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین اور 24 سال یا اس سے زائد عمر کے مرد 31 دسمبر 2026 تک اس شرط سے عارضی استثنیٰ حاصل کر سکیں گے۔

یہ سہولت ان شہریوں کے لیے متعارف کروائی گئی ہے جو مختلف سماجی یا ذاتی وجوہات کی بنا پر ابھی تک سرکاری ریکارڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو قومی شناخت کے نظام میں شامل کرنا ہے۔

ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کی تقریباً تین فیصد آبادی اب بھی شناختی ریکارڈ سے باہر ہے، جس میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ ایسے افراد کو شناخت نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم، بینکنگ، صحت اور دیگر سرکاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

نادرا نے اس حوالے سے آگاہی بڑھانے کے لیے ایک خصوصی پوڈکاسٹ بھی جاری کیا ہے، جس میں مختلف حالات میں شناختی کارڈ بنانے کے طریقہ کار اور متبادل دستاویزات کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قریبی نادرا دفاتر سے رابطہ کریں اور مقررہ شرائط پوری کر کے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں تاکہ ہر شہری قومی شناختی نظام کا حصہ بن سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔