پیر، 11-مئی،2026
پیر 1447/11/24هـ (11-05-2026م)

گوادر پورٹ کی ایک اور کامیابی، 34 ہزار ٹن سامان لے کر بڑا کارگو جہاز لنگر انداز

11 مئی, 2026 15:29

وفاقی وزیر بحری امور نے گوادر پورٹ پر ایک اور بڑے کارگو جہاز کی کامیاب برتھنگ کا اعلان کیا ہے۔ ایم وی یوان ہانگ ویئے نامی یہ جہاز چونتیس ہزار ٹن سے زائد سامان لے کر پہنچا ہے.

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے گوادر پورٹ پر ایک اور بین الاقوامی کارگو جہاز کی کامیاب آمد اور برتھنگ کا باقاعدہ اعلان کیا ہے، جسے ملکی معیشت اور علاقائی تجارت کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایم وی یوان ہانگ ویئے نامی یہ جہاز چونتیس ہزار ٹن سے زائد سامان لے کر گوادر پہنچا ہے، جس میں بیس ہزار سے زائد مختلف کارگو آئٹمز شامل ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق اس جہاز پر لایا جانے والا سامان ابوظہبی اور کویت کی منڈیوں کے لیے ہے، جسے گوادر پورٹ پر اتار کر آگے روانہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی شپنگ کمپنیوں کا گوادر پورٹ پر اعتماد، چودہ ہزار میٹرک ٹن سے زائد کارگو پہنچ گیا

یہ پیش رفت ثابت کرتی ہے کہ گوادر پورٹ اب صرف ایک منصوبہ نہیں رہا بلکہ عملی طور پر علاقائی تجارت کا ایک فعال اور اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ عالمی شپنگ کمپنیوں کا گوادر پورٹ پر اعتماد تیزی سے بڑھ رہا ہے، جو بندرگاہ کی جدید سہولیات اور بہترین انفراسٹرکچر کا نتیجہ ہے۔

حکومت گوادر میں جدید سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی مزید بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ اسے دنیا کی بہترین بندرگاہوں کے ہم پلہ لایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر پورٹ کی فعال حیثیت سے پاکستان کو نہ صرف بھاری زرمبادلہ حاصل ہوگا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں گوادر میں تجارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی اور یہ بندرگاہ خطے کی معیشت کا رخ بدلنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔