منگل، 12-مئی،2026
منگل 1447/11/25هـ (12-05-2026م)

پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی کی خبریں بے بنیاد ہیں، دفتر خارجہ

12 مئی, 2026 10:17

دفتر خارجہ نے ملک میں ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق میڈیا رپورٹس کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ان تمام میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی حدود میں ایرانی طیارے موجود ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک جاری کردہ بیان میں واضح کیا ہے کہ پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں سراسر بے بنیاد، حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہیں۔

ترجمان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اس قسم کا قیاس آرائیوں پر مبنی بیانیہ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ یہ خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچانے کی ایک دانستہ کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان امن پسند ملک ہے مگر دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک غیر جانبدار، تعمیری اور ذمہ دار سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی کا محور ہمیشہ سے خطے میں کشیدگی میں کمی، مذاکرات کی حوصلہ افزائی اور دیرپا امن کا فروغ رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اس وقت بھی خطے کے تمام ممالک کے درمیان تناؤ کم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

ترجمان نے میڈیا اور متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ ایسی حساس نوعیت کی خبریں پھیلانے سے گریز کریں، جو حقائق پر مبنی نہ ہوں اور جن کا مقصد صرف سنسنی پھیلانا یا خطے کے امن کو داؤ پر لگانا ہو۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔