وزیر اعظم کا کوہاٹ میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے والے شہری لیاقت کو خراج تحسین

وزیراعظم نے کوہاٹ کے قریب دہشت گردانہ حملہ ناکام بنانے والے بہادر شہری لیاقت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ لیاقت نے اپنی جان قربان کر کے ایک بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے قریب اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے ایک عام شہری لیاقت کو شہید قرار دیتے ہوئے انہیں قومی ہیرو قرار دیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق لیاقت نے ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنی ڈیوٹی انجام دی اور مشکوک دہشت گرد کو روک کر اس کی شناخت دریافت کی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت گھروں کے قرضوں کے حصول کو مزید آسان بنانے کا فیصلہ
شناخت پوچھے جانے پر دہشت گرد نے گھبرا کر خود کو اڑا دیا، جس کے نتیجے میں لیاقت موقع پر ہی شہید ہو گئے لیکن ان کی اس بروقت کارروائی نے علاقے میں کسی بڑے جانی نقصان کے خدشے کو ختم کر دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید لیاقت کی بہادری، جرأت اور حب الوطنی کی یہ اعلیٰ مثال ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے نڈر شہری دہشت گردی کے خلاف جاری قومی عزم کی حقیقی علامت ہیں اور قوم ان کی اس عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کے غیور عوام نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ وزیراعظم نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









