شرجیل میمن کا خیرپور میں پیپلز بس سروس کا افتتاح، مخالفین پر کڑی تنقید

شرجیل میمن نے خیرپور کے عوام کے لیے پیپلز بس سروس کے نئے روٹس کا افتتاح کر دیا، جہاں انہوں نے مخالفین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سندھ حکومت کی کارکردگی کو ملک بھر میں مثالی قرار دیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پیپلز بس سروس کے نئے روٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع میں جدید ٹرانسپورٹ سہولیات کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
اس موقع پر سینئر وزیر نے اعلان کیا کہ خیرپور میں نہ صرف پیپلز بسیں چلیں گی بلکہ جلد ہی خواتین کے لیے پنک بسیں، پنک اسکوٹیز اور سیاحت کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں بھی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود سندھ حکومت ہر مسافر کو بھاری سبسڈی دے رہی ہے تاکہ غریب عوام کو اے سی بسوں میں کم کرائے پر سفر کی سہولت میسر آ سکے۔ صوبے کے ہر ضلع میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایکسائز سندھ کا بڑا فیصلہ، گاڑی ٹرانسفر میں بائیو میٹرک شرط کی مدت میں توسیع
شرجیل میمن نے پیپلز پارٹی کے دور اقتدار کے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گمبٹ اسپتال میں جگر اور پھیپھڑوں کا مفت ٹرانسپلانٹ ہونا سندھ حکومت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جہاں دوسرے صوبوں سے بھی لوگ علاج کے لیے آتے ہیں۔
انہوں نے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ انتخابات کے وقت پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد بنتے ہیں لیکن عوام نے ہمیشہ ان اتحادوں کو عبرتناک شکست دی ہے کیونکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا کوئی مقابلہ نہیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان کے واحد نوجوان لیڈر ہیں، جنہوں نے عالمی فورمز پر بھارت کو آئینہ دکھایا اور کشمیر کا مقدمہ بہادری سے لڑا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ سندھ کی دھرتی کو کوئی تقسیم نہیں کر سکتا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









