خودکش حملہ آور کو روکنے والے قومی ہیرو لیاقت شہید کو ستارہ شجاعت دینے کی منظوری

اپنی جان پر کھیل کر خودکش حملہ آور کو روکنے والے قومی ہیرو لیاقت شہید کی عظیم قربانی کے اعتراف میں صدر پاکستان نے انہیں ستارہ شجاعت دینے کی منظوری دے دی ہے۔
قومی ہیرو لیاقت شہید، جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ایک بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا تھا، کی عظیم قربانی کا قومی سطح پر باضابطہ اعتراف کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان کی خصوصی سفارش پر صدر پاکستان نے لیاقت شہید کے لیے ملک کا دوسرا بڑا سول اعزاز برائے بہادری ستارہ شجاعت دینے کی منظوری دی ہے۔
لیاقت شہید ولد کریم الہٰی نے ایک خودکش دہشت گرد کے ناپاک عزائم کے سامنے ڈٹ کر بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا تھا اور اپنی جان قربان کر کے سینکڑوں قیمتی جانیں بچائی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کا کوہاٹ میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے والے شہری لیاقت کو خراج تحسین
ان کی یہ جرأت، فرض شناسی اور قربانی پوری قوم کے لیے ایک روشن مثال اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی علامت بن چکی ہے۔
اس عظیم اعزاز کو وصول کرنے کے لیے لیاقت شہید کے اہل خانہ، جن میں ان کی والدہ، صاحبزادے اور بھائی شامل ہیں، اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔
شہید کے اہل خانہ کو مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ روانہ کیا گیا ہے، جہاں اسسٹنٹ کمشنر جنڈ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ اہل خانہ کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے ایلیٹ فورس کا ایک دستہ بھی سیکیورٹی پر مامور ہے۔
لیاقت شہید کے اہل خانہ آج شام اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں صدر پاکستان سے یہ اعزاز وصول کریں گے۔ پوری قوم اپنے اس بہادر سپوت کو سلام پیش کرتی ہے اور یہ اعزاز درحقیقت اس بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک عملی اظہار ہے، جو لیاقت شہید نے ملک و قوم کی خاطر دکھائی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










