جمعرات، 14-مئی،2026
جمعرات 1447/11/27هـ (14-05-2026م)

لبنان پر اسرائیلی حملے، 6 معصوم بچوں سمیت 15 شہری شہید

14 مئی, 2026 10:46

لبنان پر اسرائیلی جارحیت میں تیزی آگئی ہے، جہاں حالیہ ڈرون اور فضائی حملوں میں 6 بچوں سمیت 15 لبنانی شہری شہید ہو گئے ہیں۔

لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں شہریوں، بالخصوص بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں اب تک 15 افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں بیروت اور جنوبی لبنان کو ملانے والی اہم شاہراہ پر ہونے والے تین ڈرون حملے بھی شامل ہیں۔

ان حملوں میں گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے بھی شہید ہوئے۔ تباہ شدہ گاڑیوں کی تصاویر سے اسرائیلی بربریت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، جن کے بیرونی حصے مکمل طور پر جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے چھ دیہات میس الجبل، یانوح، برج شمالی، حولہ، دبل اور عباسی کے رہائشیوں کو جبراً گھر چھوڑنے کا حکم دیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ وہ ان علاقوں میں بھرپور طاقت کا استعمال کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے خلاف بھارت اور اسرائیل کی منظم پروپیگنڈا مہم بے نقاب

اس صورتحال میں ٹائر کے ضلع میں موجود صرف تین اسپتال فعال رہ گئے ہیں، جو ایک لاکھ سے زائد لوگوں کے لیے زندگی کی واحد امید ہیں۔

تاہم ان اسپتالوں تک پہنچنے والے راستے بھی اسرائیلی بمباری کی زد میں ہیں، جس کی وجہ سے زخمی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ رہے ہیں۔

لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی کل تعداد 2 ہزار 896 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 10 لاکھ سے زائد لوگ دربدر ہو چکے ہیں۔

نبطیہ کے ضلع میں واقع قصبے عرب سلیم پر اسرائیلی حملے میں تین بچوں اور دو خواتین سمیت چھ افراد شہید ہوئے، جبکہ زبقین اور رامین جیسے علاقوں میں بھی بچوں کی شہادتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

نیشنل کونسل فار سائنٹیفک ریسرچ کے مطابق اسرائیل نے اب تک لبنان میں تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد رہائشی یونٹس کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کر دیا ہے۔

سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل منظم طریقے سے جنوبی لبنان کے دیہات، اسکولوں، اسپتالوں، گرجا گھروں اور مساجد کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔