لبنان نے تاریخ میں پہلی بار ایران کیخلاف اقوام متحدہ میں شکایت کردی

لبنان نے تاریخ میں پہلی بار ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں باقاعدہ شکایت درج کروا دی ہے۔ بیروت نے تہران پر ملکی معاملات میں کا الزام عائد کردیا۔
لبنان اور ایران کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات میں ایک بڑی دراڑ اس وقت سامنے آئی، جب لبنانی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایران کے خلاف ایک باقاعدہ شکایت ارسال کی۔
اقوام متحدہ میں لبنان کے مستقل مندوب احمد عرفہ کے مطابق، یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، جس میں لبنان نے کسی برادر ملک پر براہ راست الزام لگایا ہے کہ وہ اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ ایران نے لبنان کے آئینی اداروں کی مرضی کے خلاف ملک کو اسرائیل کے ساتھ ایک ایسی تباہ کن جنگ میں ملوث کر دیا ہے، جس کے نتائج انتہائی ہولناک نکلے ہیں۔
لبنان نے عالمی قانون کے تحت ایران کے ان اقدامات کا محاسبہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جو لبنانی قومی مفادات کے یکسر منافی ہیں۔
لبنانی حکومت نے ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ لبنان کی سرزمین پر غیر قانونی کارروائیاں کر رہی ہے اور لبنانی ریاست کے فیصلوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، دو مارچ کو حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل پر ہونے والی گولہ باری کے بعد شروع ہونے والی اس جنگ میں اب تک ہزاروں لبنانی شہری ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں اور دس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لبنان پر اسرائیلی حملے، 6 معصوم بچوں سمیت 15 شہری شہید
اس جنگ کی وجہ سے اسرائیل نے لبنانی سرزمین کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر کے وہاں سکیورٹی زونز قائم کر لیے ہیں، جس سے ملک کو ناقابل تلافی مادی اور جانی نقصان پہنچا ہے۔
سفارتی محاذ پر بھی لبنان نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے تہران کے سفیر محمد رضا شیبانی کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا ہے۔
لبنانی حکام نے الزام لگایا کہ ایرانی سفارت خانہ سپاہ پاسداران کے ارکان کو سفارتی پاسپورٹ جاری کر رہا ہے اور سفیر کے بیانات ملکی خود مختاری کے خلاف ہیں۔
حکومت نے سفیر کو انتیس مارچ تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جسے تہران نے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظر انداز کیا۔
اس دوران لبنانی فوج نے بیروت ایئرپورٹ اور بندرگاہ سمیت شام کے ساتھ سرحدی راستوں پر اپنا کنٹرول سخت کر دیا ہے تاکہ وہاں سے حزب اللہ کو ہونے والی ایرانی ہتھیاروں اور رقم کی ترسیل کو روکا جا سکے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












