پنکی بند ہوگئی کام بند نہیں ہوا؛ نئے نمبر سے آن لائن کوکین کی فروخت جاری
کراچی میں منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے باوجود اس کا آن لائن کوکین نیٹ ورک بند نہیں ہوا۔ پنکی کے ہینڈلرز نے نمبر تبدیل کر کے کاروبار جاری رکھا ہوا ہے اور سوشل میڈیا پر میسجز گردش کر رہے ہیں جن میں لکھا ہے کہ "میڈم پنکی کا نمبر بند ہو گیا ہے مگر ان کے دوست سروس فراہم کر رہے ہیں۔”
گردش کرنے والے میسجز میں 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن کوکین کی دستیابی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ قیمتیں بھی درج ہیں، گولڈن اسٹف 25 ہزار روپے فی گرام اور سلور اسٹف 15 ہزار روپے فی گرام۔ میسج میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فیاض کمیونیکیشنز کا اکاؤنٹ بلاک ہو چکا ہے اس لیے رقم وہاں نہ بھیجی جائے اور نیا نمبر جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ انکشاف کئی سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ پہلا یہ کہ پنکی کی گرفتاری کے بعد بھی نیٹ ورک اتنی آسانی سے کیوں چل رہا ہے؟ دوسرا یہ کہ ہینڈلرز کون ہیں جو اتنے بے خوف ہو کر سوشل میڈیا پر اشتہار چلا رہے ہیں؟ تیسرا یہ کہ کراچی پولیس نے ان نئے نمبروں کے خلاف ابھی تک کیا کارروائی کی؟
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ صرف کراچی تک محدود نہیں — مگر زمینی حقیقت یہ ہے کہ پنکی جیل میں ہے اور اس کا نیٹ ورک سڑک پر ہے۔ یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ منشیات مافیا کے خلاف ایک گرفتاری کافی نہیں — پورے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے مربوط اور مستقل آپریشن ضروری ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









