جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

مجتبیٰ خامنہ ای کی شرائط امریکہ سے مذاکرات میں سرخ لکیر ہیں، ایرانی عہدیدار

18 مئی, 2026 08:41

ایرانی پارلیمنٹ کی کمیٹی کے سربراہ نے واضح کیا ہے کہ رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی شرائط امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ مذاکرات میں سرخ لکیر ہیں اور تہران واشنگٹن پر بالکل بھروسہ نہیں کرتا۔

ایرانی پارلیمنٹ کی داخلی امور کمیٹی کے سربراہ محمد صالح جوکار نے ایرانی خبر رساں ادارے مہر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے طے کی گئی تمام شرائط امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ مذاکرات میں سرخ لکیر کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تہران کو نہ تو واشنگٹن پر کوئی اعتماد ہے اور نہ ہی امریکی صدر کی باتوں پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔

جوکار نے نے کہا کہ امریکا فوجی دباؤ اور سخت پابندیوں کے ذریعے ایران میں حکومت کی تبدیلی، ملک کی تقسیم اور اس کے قدرتی وسائل پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتا تھا، لیکن تہران کی مزاحمت کی وجہ سے واشنگٹن کی یہ تمام کوششیں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کیخلاف محدود کارروائی کا امکان، پاکستان نے ثالثی کی کوششیں تیز کردیں

انہوں نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کرنے سے انکار کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے حالیہ عرصے میں ایسی تجاویز پیش کیں، جن میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ عالمی جہاز رانی کے لیے کھولنے کے بدلے ایران پر عائد بحری پابندیوں میں نرمی کی بات شامل تھی، لیکن ایران نے ان تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے رہبر اعلیٰ کی پیش کردہ بنیادی شرائط پر سختی سے قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جوکار نے رہبر کی شرائط کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلی شرط یہ ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری راستوں کو ایرانی مسلح افواج کے ساتھ قریبی رابطے اور نگرانی کے تحت منظم کیا جائے۔

دوسری شرط یہ ہے کہ تمام محاذوں پر جنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور محور مزاحمت کے تمام فریقوں کے خلاف کارروائیاں فوری طور پر روکی جائیں۔

شرائط میں یہ بھی شامل ہے کہ خطے میں موجود تمام امریکی جنگی افواج کا ان کے فوجی اڈوں سے مکمل انخلاء یقینی بنایا جائے اور جنگ کے دوران ایران کو پہنچنے والے تمام معاشی نقصانات کا مکمل ہرجانہ ادا کیا جائے۔

اس کے علاوہ تہران نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران پر عائد تمام پابندیاں ختم کی جائیں، بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثے اور رقوم فوری جاری کی جائیں، اور ایران کے یورینیم افزودگی کے قانونی حق کو تسلیم کیا جائے۔

جوکار نے زور دے کر کہا کہ ایران اب بھی امریکا کو ایک ناقابل اعتماد دشمن سمجھتا ہے اور تہران اپنی عسکری اور معاشی صلاحیتوں کو آزادانہ طور پر مزید مضبوط بناتا رہے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔