شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی، انتہائی مطلوب فتنہ الخوارج کا سرغنہ 4 ساتھیوں سمیت ہلاک

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے ایک انتہائی مطلوب اور خطرناک دہشت گرد سرغنہ کو اس کے چار دیگر ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ایک مربوط اور انتہائی منظم کارروائی کا آغاز کیا۔
آپریشن کے دوران فورسز نے فول پروف حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانے پر چاروں طرف سے سخت گھیرے میں لے لیا، جس کے بعد ہونے والے شدید مقابلے میں فتنہ الخوارج کا انتہائی مطلوب سرغنہ خارجی عمر عرف جان میر عرف تور ثاقب اپنے چار دیگر دہشت گرد ساتھیوں سمیت جہنم واصل ہو گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے فتنہ الخوارج کے اس اہم کمانڈر کے سر کی قیمت حکومت کی جانب سے تیس لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی اور وہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت معصوم شہریوں پر کیے جانے والے متعدد ہولناک دہشت گرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ اور مرکزی منصوبہ ساز تھا۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں دراندازی کرنے والے 8 ہلاک خوارج کی شناخت؛ 2 افغان شہری نکلے
خارجی عمر عرف ثاقب تور نے سپن وام کے علاقے میں واقع بوبالی مسجد کے ارد گرد کے تمام حصوں میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف مزاحمت اور چھپنے کے لیے زیر زمین بنکر، خفیہ سرنگیں اور بارود کا ایک انتہائی خطرناک جال بچھا رکھا تھا، جسے فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ناکارہ بنا دیا۔
دفاعی اور سیکیورٹی ماہرین نے اس کامیاب آپریشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں اس اہم خوارجی سرغنہ کی ہلاکت فتنہ الخوارج کے نیٹ ورک کے لیے ایک انتہائی کاری اور بڑا دھچکا ثابت ہوگی، جس سے دہشت گردوں کا تنظیمی ڈھانچہ مفلوج ہو جائے گا اور اس کے نتیجے میں علاقے میں دیرپا امن بحال ہوگا۔
ماہرین کے مطابق ملک بھر میں جاری آپریشن عزم استحکام کے تحت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے آپریشنز پوری قوت اور کامیابی کے ساتھ جاری ہیں تاکہ دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











