پاکستان کے آرمی چیف کا دورہ ایران جنگ کے خاتمے میں اہم ثابت ہو سکتا ہے، امریکی وزیر خارجہ

امریکہ کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف کا دورہ تہران اس جاری جنگ کے خاتمے اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کے لیے انتہائی اہم اور مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر آبنائے ہرمز میں ٹولنگ سسٹم نافذ کیا گیا تو واشنگٹن اور تہران کے درمیان کسی بھی سفارتی معاہدے کا امکان ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا، کیونکہ یہ اقدام پوری دنیا کے لیے خطرہ اور مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔ دنیا کسی بھی قسم کے ٹولنگ سسٹم کے حق میں نہیں ہے اور یہ کسی بھی صورت ممکن یا قابل قبول نہیں ہو سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : قطر کی پاکستانی سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت، امریکہ ایران مذاکرات کیلئے مزید وقت دینے پر زور
ان کا کہنا تھا کہ تہران کے ساتھ جاری مذاکرات میں کچھ پیش رفت ضرور ہوئی ہے، جس کا بنیادی مقصد واشنگٹن اور تل ابیب کی تہران کے خلاف جاری جنگ کو ختم کرنا ہے، تاہم واشنگٹن اس وقت ایک ایسے نظام سے نمٹ رہا ہے، جو خود اندرونی طور پر کسی حد تک تقسیم کا شکار ہو چکا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے کچھ اچھی علامات سامنے آ رہی ہیں، لیکن وہ اس معاملے پر ضرورت سے زیادہ پرامید ہونے کے بجائے یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آنے والے چند دنوں میں کیا صورتحال بنتی ہے۔
انہوں نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے حوالے سے گہری امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کا دورہ تہران اس جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا اور اس سلسلے میں کچھ واضح پیش رفت بھی ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام تہران پہنچ رہے ہیں اور امید ہے کہ اس اہم دورے سے یہ پورا معاملہ مثبت سمت میں آگے بڑھے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










