جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

کراچی میں عید قربان سے قبل اسٹریٹ کرائم میں اضافہ، شہری نقدی سے محروم اور زخمی

22 مئی, 2026 12:49

کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایک افسوسناک واردات میں قربانی کا جانور خریدنے جانے والا شہری ڈاکوؤں کا نشانہ بن گیا۔ مسلح ملزمان نے نہ صرف اس سے لاکھوں روپے لوٹ لیے بلکہ مزاحمت پر تیز دھار آلے کے وار سے اسے زخمی بھی کر دیا۔

متاثرہ شہری کے مطابق وہ 2 لاکھ 80 ہزار روپے لے کر اسماعیل گوٹھ کے قریب جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے اسے روک لیا۔ ملزمان نے رقم چھین لی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

شہری نے مزاحمت کی تو صورتحال مزید خطرناک ہو گئی۔ اس کے مطابق ڈاکوؤں نے پہلے فائرنگ کی کوشش کی، تاہم گولی نہیں چلی۔ بعد ازاں انہوں نے تیز دھار آلے سے حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا۔

واقعے کے بعد متاثرہ شخص نے پولیس ہیلپ لائن پر اطلاع دی، جس پر لانڈھی پولیس موقع پر پہنچی۔ تاہم شہری کا دعویٰ ہے کہ اہلکاروں نے حدود کا مسئلہ بتا کر کارروائی سے انکار کر دیا۔

یہ تنازع اس وقت مزید پیچیدہ ہو گیا جب شہری کے مطابق واقعے کی جگہ پر خود لانڈھی تھانے کی حدود کا بورڈ موجود تھا۔ بعد میں متاثرہ شخص نے دوسرے تھانے سے رابطہ کرنے سے بھی گریز کیا، کیونکہ اسے خدشہ تھا کہ وہاں بھی یہی صورتحال پیش آئے گی۔

کراچی میں عید قربان کے قریب آتے ہی مویشی منڈیوں اور نقدی لے کر سفر کرنے والے شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ وہ وقت ہوتا ہے جب بڑی مقدار میں نقدی گردش میں آتی ہے، جسے جرائم پیشہ عناصر فائدے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔