پیر، 25-مئی،2026
پیر 1447/12/08هـ (25-05-2026م)

سم ڈس اون کی مدت 60 دن سے بڑھا کر 365 دن کر دی گئی؛ پی ٹی اے کا اہم فیصلہ

25 مئی, 2026 08:56

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی سموں کے اجرا اور غیر مجاز رجسٹریشن کے خلاف اقدامات کو مزید سخت اور مؤثر بنانے کے لیے اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ اب سم ڈس اون (یعنی اپنے نام سے سم ہٹانے) کی مدت 60 دن سے بڑھا کر 365 دن کر دی گئی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق اس فیصلے کا مقصد شہریوں کی شناخت اور ڈیٹا کے تحفظ کو بہتر بنانا اور غیر قانونی سموں کے استعمال کو روکنا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اب کوئی بھی نئی ایکٹیویٹ ہونے والی سم ایک سال مکمل ہونے سے پہلے اپنے نام سے منتقل یا ختم نہیں کی جا سکے گی۔

اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سم کے اجرا کے وقت بائیومیٹرک تصدیق کے دوران مکمل احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی غلط رجسٹریشن یا شناخت کے غلط استعمال سے بچا جا سکے۔

پی ٹی اے نے عوام کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سموں کی تعداد وقتاً فوقتاً چیک کرتے رہیں۔ اس کے لیے شہری پی ٹی اے کی ویب سائٹ cnic.sims.pk استعمال کرسکتے ہیں یا اپنا شناختی کارڈ نمبر (بغیر ڈیش کے) 668 پر ایس ایم ایس بھی کرسکتے ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق اگر کسی غیر مجاز یا مشکوک سم کا علم ہو تو فوری طور پر متعلقہ موبائل نیٹ ورک کو اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ پی ٹی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور صرف اپنے زیرِ استعمال سمیں ہی اپنے نام پر رجسٹر رکھیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔