پیر، 25-مئی،2026
پیر 1447/12/08هـ (25-05-2026م)

پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس اور ٹریفک فنڈز کا جامع آڈٹ کرنے کا فیصلہ

25 مئی, 2026 12:37

پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبے بھر میں لائسنسنگ سنٹرز، خدمت مراکز اور ٹریفک پولیس کے مالیاتی نظام کا جامع آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اس آڈٹ کا دائرہ پنجاب ہائی وے پٹرول کے لائسنسنگ سنٹرز تک بھی بڑھایا جائے گا، جہاں جاری ہونے والے فنڈز، ان کے استعمال اور ویلفیئر اخراجات کا تفصیلی ریکارڈ جانچا جائے گا۔

آڈٹ کے دوران صرف مالی معاملات ہی نہیں بلکہ جاری کیے گئے ڈرائیونگ لائسنسز، ڈرائیونگ ٹیسٹ کے طریقہ کار اور ان کی ویڈیو ریکارڈنگز کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ پورے نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکام نے بتایا ہے کہ مختلف ڈرائیونگ سنٹرز اور خدمت مراکز پر تعینات افسران اور عملے کا ریکارڈ بھی چیک کیا جائے گا۔ اگر آڈٹ کے دوران کسی قسم کی بے ضابطگی سامنے آئی تو مزید انکوائریاں بھی شروع کی جا سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بڑے اضلاع میں سینئر افسران کی نگرانی میں خصوصی آڈٹ ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو مکمل ریکارڈ کی تفصیلی جانچ کریں گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں کے بعد آئی جی پنجاب کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد پورے نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو بہتر بنانا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔